سردیوں کے موسم میں صحت کا خاص خیال رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے، کیونکہ اس دوران نزلہ، زکام اور فلو جیسی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چند سادہ اور روزمرہ کی عادات اپنا کر نہ صرف خود کو بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ قوتِ مدافعت کو بھی مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ میں مختلف ماہرین نے سردیوں میں صحت بہتر رکھنے کے لیے مفید مشورے دیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق دن کی روشنی میں کچھ وقت گزارنا جسم کے اندرونی نظام کو درست رکھتا ہے۔ کھڑکی کے قریب بیٹھنا یا دن کے وقت چند منٹ باہر چہل قدمی کرنا نیند کے معیار اور مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
سردیوں میں صفائی کا خاص خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے، کیونکہ وائرس آسانی سے پھیلتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھوں کو کم از کم 20 سیکنڈ تک دھونا اور گھر میں داخل ہوتے وقت جوتے اتار دینا جراثیم سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق وٹامن سی قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ترش پھل، شملہ مرچ اور سبزیاں وٹامن سی سے بھرپور ہوتی ہیں، تاہم زیادہ پکانے سے ان کی غذائیت کم ہو سکتی ہے۔ تازہ یا منجمد سبزیوں اور پھلوں کا استعمال زیادہ فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین نے گہرے سبز پتوں والی سبزیوں جیسے پالک، ساگ اور کیل کو دماغی صحت کے لیے مفید قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ بیریز، دالیں، ثابت اناج، زیتون کا تیل، گری دار میوے اور مچھلی بھی صحت کے لیے بہترین غذائیں ہیں، جو دل اور دماغ دونوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق جسم میں میگنیشیم کی مناسب مقدار صحت برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ بیج اور بغیر نمک کے گری دار میوے میگنیشیم کا اچھا ذریعہ ہیں اور انہیں روزمرہ خوراک میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں ہونے والی تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ہلکی پھلکی ورزش شام کے وقت کرنے سے نیند بہتر ہو سکتی ہے۔ مختصر دورانیے کی ورزش موڈ بہتر بنانے، پٹھوں کو مضبوط کرنے اور شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
نیند کے ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ سونے اور جاگنے کا ایک مقررہ وقت ہونا جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ بہتر نیند کے لیے کیفین، کھانا، کام اور اسکرین ٹائم کو سونے سے پہلے محدود کرنا مفید ثابت ہوتا ہے۔
قلیل وقت کی نیند، یعنی 10 سے 20 منٹ کی جھپکی، دماغی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے۔ ماہرین کے مطابق دوپہر کے وقت مختصر آرام انسان کو تازہ دم کر دیتا ہے۔
سونا یا بھاپ لینے جیسی سرگرمیاں بھی صحت کے لیے فائدہ مند سمجھی جاتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق باقاعدگی سے سونا لینے سے بلڈ پریشر کم، ذہنی دباؤ میں کمی اور دل کی صحت بہتر ہو سکتی ہے۔
ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ کھانے کی تیاری اور باقاعدہ وقت پر کھانا ہاضمے کے نظام کو بہتر بناتا ہے۔ آہستہ کھانا اور اچھی طرح چبانا جسم کو غذائیت بہتر طریقے سے جذب کرنے میں مدد دیتا ہے