دس خوبیاں جو ایک عورت کو دل سے خوبصورت بناتی ہیں

جورڈن کوپر ایک پاپ کلچر رائٹر اور ریویور ہیں . وه اپنی سادہ، دلنشین اور حقیقت سے جڑی تحریروں کے لیے مشہور ہیں۔ وہ زندگی کے عام لمحوں میں چھپی خوبصورتی کو لفظوں میں سمو دیتے ہیں۔ انہی کے ایک خوبصورت آرٹیکل سے متاثر ہو کر ہم پیش کر رہے ہیں ان کی سوچ کا اردو روپ ۔ ایک ایسی عورت کی کہانی، جس کی اصل خوبصورتی اس کی روح میں چھپی ہو، اور جو بنا کسی کوشش کے ان نایاب خوبیوں سے پہچانی جاتی ہے۔

جورڈن کے خیال میں خوبصورتی صرف چہرے یا لباس میں نہیں، اصل حسن تو اس بات میں ہے کہ ہم دوسروں کے ساتھ کیسے پیش آتے ہیں، مشکل وقت میں کیسے سنبھلتے ہیں، اور جب کوئی نہیں دیکھ رہا ہوتا، تب ہم کیسے ہوتے ہیں۔ ایسی عورت کو پہچاننا آسان نہیں لیکن اگر مل جائے تو وہ دل پر چھاپ چھوڑ جاتی ہے۔

جورڈن کوپر

دس خوبیاں جو ایک خوبصورت روح کی پہچان ہیں:

1۔ سمجھنے کے لیے سننا ۔ جواب دینے کے لیے نہیں ۔
زیادہ تر لوگ بات سنتے ہوئے بس اپنی باری کے انتظار میں ہوتے ہیں، مگر خوبصورت روح رکھنے والی عورت خاموش رہتی ہے۔ وہ آپ کو ویسا ماحول دیتی ہے جہاں آپ کھل کر بات کر سکیں۔ اس کی موجودگی میں آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی ہر بات معنی رکھتی ہے۔

2۔ نرمی ، لیکن مضبوطی کے ساتھ
وہ میٹھی ہوتی ہے مگر کمزور نہیں۔ زندگی نے اسے آزمایا ہے لیکن اس نے اپنے دل کی گرم جوشی اور ہمدردی کو کبھی ختم نہیں ہونے دیا۔

3۔ دوسروں کی خوشی پر خوش ہونا
وہ جانتی ہے کہ کسی اور کی کامیابی اس کی ناکامی نہیں۔ وہ کھلے دل سے دوسروں کے لیے تالیاں بجاتی ہے حسد یا موازنہ نہیں کرتی۔

4۔ اپنی کمزوریوں کو ماننا
وہ مکمل ہونے کا ڈرامہ نہیں کرتی۔ ہنس کر اپنی غلطیوں کا اعتراف کر لیتی ہے اور یہ سچائی ہی اسے دلکش بناتی ہے۔

5۔ چھوٹی باتوں کا خیال رکھنا
آپ کو چائے میں لیموں چاہیے شہد نہیں یہ بھی اسے یاد رہتا ہے۔ وہ آپ کے موڈ ، پسند نا پسند اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو پہچانتی ہے کیونکہ آپ اس کے لیے اہم ہیں۔

6۔ سکون کو ترجیح دینا
وہ فضول بحث، غیبت اور پرانی رنجشوں سے دور رہتی ہے۔ اس کا سکون اس کے لیے سب سے قیمتی خزانہ ہے۔

7۔ بے غرض ہونا ۔
وہ مدد کرتی ہے تو بدلے کی امید نہیں رکھتی۔ احسان نہیں جتاتی، شور نہیں مچاتی بس خاموشی سے مسلسل ساتھ دیتی ہے۔

8۔ نرمی سے بات کرنا چاہے دل میں غصہ ہو.
وہ جانتی ہے کہ الفاظ زخم بھی دے سکتے ہیں۔ اسی لیے وہ چاہے ناراض ہو، پھر بھی نرمی سے بات کرتی ہے، اور اپنا وقار برقرار رکھتی ہے۔

9۔ انا سے آزاد
اس کا وقار دوسروں کی واہ واہ پر نہیں بلکہ اپنے دل کی گہرائیوں میں چھپا ہوتا ہے۔ وہ جانتی ہے کہ وہ کون ہے . چاہے اس وقت اسے کوئی بھی نہ دیکھ رہا ہو۔

10۔ دوسروں کو اپنے ہونے کا حوصلہ دینا ۔
اُس کے ساتھ آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ آپ جیسے ہیں، ویسے ہی ٹھیک ہیں۔ کوئی دکھاوا نہیں کوئی تكلف نہیں۔ کوئی نقاب نہیں ۔ بس سکون اور اعتماد۔

مصنف بتاتے ہیں کہ ایک مشکل وقت میں وہ اپنی پرانی دوست سے ملے۔ اس نے کوئی لمبی نصیحت نہیں کی، بس ساتھ بیٹھی اور پوچھا ،”تمہارا دل کیسا ہے؟”

اس ایک سوال اور اس کی موجودگی نے ایسا سہارا دیا جو کسی بڑے مشورے سے بھی نہیں مل سکتا تھا۔

خوبصورت روح کا حسن میک اپ یا فیشن میں نہیں یہ اس بات میں ہے کہ آپ دوسروں سے کیسا برتاؤ کرتے ہیں، ناکامی میں کیسے اس کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔

اگر آپ کو یہ خوبیاں کسی میں نظر آئیں، تو انہیں ضرور بتائیں۔
دنیا کو اس خوبصورتی کی سخت ضرورت ہے۔
اور اگر آپ خود اس راستے پر ہیں، تو جان لیں آپ منزل کے قریب ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں