امریکی فوج نے پیر کے روز کہا ہے کہ کویت نے ایران کی جانب سے ملک پر حملے کے دوران ایک جنگی مشن میں تین امریکی ایف-15 ای اسٹرائیک ایگل طیاروں کو ‘غلطی سے مار گرایا’۔
امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ اس مشن میں ایرانی طیاروں، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے حملے شامل تھے اور یہ پہلا موقع تھا کہ ایران کے پرانے جنگی بیڑے نے اس جنگ میں براہِ راست حصہ لیا۔
بیان میں کہا گیاکہ ‘امریکی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کو کویت کے فضائی دفاعی نظام نے غلطی سے مار گرایا۔ تمام چھ فضائی عملے کے ارکان بحفاظت طیاروں سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے، انہیں محفوظ طریقے سے بازیاب کر لیا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ کویت نے اس واقعے کا اعتراف کیا ہے، اور ہم جاری آپریشن میں کویتی دفاعی افواج کی کوششوں اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔’
بیان میں مزید کہا گیا کہ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، انہیں جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے، اس سے قبل کویت کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پیر کی صبح ملکی حدود میں متعدد امریکی جنگی طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ وجوہات جاننے کے لیے امریکی حکام کے ساتھ تعاون جاری ہے۔
#IRAN #america #israel #kuwait