عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کرغزستان کے صدر دفتر سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ، وزیراعظم عقیل بیگ جعفروف کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
بیان میں وضاحت کی گئی کہ، وزیراعظم کو کسی اور اہم عہدے پر تعیناتی کے لیے برطرف کیا گیا ہے، تاہم اس نئے عہدے کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
وزیراعظم کی برطرفی کے بعد کرغزستان کے فرسٹ ڈپٹی پرائم منسٹر عادل بیگ قاسم کو قائم مقام وزیراعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ، عقیل بیگ جعفروف 2021 سے کرغزستان کے وزیراعظم کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس سے قبل یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ، انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
کرغزستان 1991 میں سوویت یونین سے آزادی کے بعد سے سیاسی عدم استحکام اور حکومتی بحران کا شکار رہا ہے، جہاں اکثر اوقات حکومتیں بحرانوں اور تبدیلیوں کی زد میں رہتی ہیں۔