بھارتی کرکٹ بورڈ شرٹ پر چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل لوگو لگانے پر تیار

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو آئی سی سی کے سامنے آخر کار گھٹنے ٹیکنے پڑے ، کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے آفیشل ’لوگو‘شرٹ پر لگانےکی تصدیق کردی۔

چیمپئنز ٹرافی میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جرسی پر آئی سی سی کے منظور شدہ ’لوگو‘ پر پاکستان کا نام پرنٹ ہے ۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ دیواجیت سائیکیا کا کہنا ہے ، ہم آئی سی سی کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کریں گے ، چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی جرسی پر ایونٹ کا آئی سی سی آفیشل لوگو ہی پرنٹ کیا جائے گا ۔ بھارتی ٹیم آئی سی سی قوانین کی مکمل پابندی کرے گی ۔

واضح رہے ، اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بی سی سی آئی "میزبان ملک ریگولیشن”کے طور پر اپنی ٹیم کی کِٹ پر  پاکستان کا نام لکھنےکا خواہاں نہیں ۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق آئی سی سی حکام نے اس پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بی سی سی آئی بھارتی ٹیم کِٹ پر پاکستان لکھنے کی پابند ہےکیونکہ پاکستان اس اہم ٹورنامنٹ کا میزبان ہے۔

خیال رہے ، آئی سی سی قانون کے مطابق  تمام ٹیموں کو منظور شدہ ’لوگو‘ استعمال کرنا لازم ہے۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق ٹیموں کی جرسیوں پر میزبان ملک کا نام بھی لکھا جانا چاہیے، قطع نظر اس سےکہ میچ کہاں ہو رہا ہے ۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں