حکومت پاکستان نے برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سے آنے والے سکھوں کے لئے مفت آن لائن ویزا کی سہولت متعارف کرا دی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ سے آنے والے سکھ زائرین کو پاکستان آمد پر 30 منٹ میں مفت آن لائن ویزا فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ "آپ سال میں 10 مرتبہ پاکستان آ سکتے ہیں، ہر بار ہم آپ کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ ویزا حاصل کرنے کے لئے درخواست دہندگان کو صرف ایک فارم بھرنا ہوگا جس کے بعد 30 منٹ میں ویزا فراہم کیا جائے گا۔” یہ بات انہوں نے امریکہ سے آئے ہوئے سکھ زائرین کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیر داخلہ نے حسن ابدال، کرتارپور، ننکانہ صاحب اور لاہور کے علاوہ دیگر سکھ مذہبی مقامات کو بھی کھولنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ ان مقامات کی زیارت کے لئے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سکھ زائرین خصوصاً نوجوان نسل پاکستان کا دورہ کرے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان نے 124 ممالک کے شہریوں کے لئے ویزا شرائط میں نرمی کر دی ہے، جس کا مقصد مختلف تقریبات جیسے چیمپئنز ٹرافی، پاکستانی کرکٹ میچز اور پاک بھارت میچز کے لئے آنے والے زائرین کو راغب کرنا ہے، جن کے لئے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
دورہ کرنے والے سکھوں نے مفت آن لائن ویزا سہولت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا سفر آسان ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔” وفد میں ڈاکٹر دلویندر سنگھ پنو، سرجیت سنگھ ہوتھی، رنجیت سنگھ کہلون اور لکھمن سنگھ شامل تھے۔