چین اور جاپان میں تائیوان کے مسئلے پر کشیدگی، معاملہ اقوامِ متحدہ تک پہنچ گیا

چین اور جاپان کے درمیان تائیوان کے مسئلے پر تنازع بڑھ گیا ہے، اور چین نے یہ معاملہ اقوامِ متحدہ تک پہنچا دیا ہے۔ چین نے جاپان پر الزام لگایا ہے کہ جاپان تائیوان پر ممکنہ حملے کی صورت میں “فوجی مداخلت” کی دھمکی دے رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے اقوامِ متحدہ میں سفیر فو کونگ نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے نام ایک خط میں لکھا کہ اگر جاپان نے تائیوان کے مسئلے میں طاقت استعمال کرنے کی کوشش کی تو چین اسے “جارحیت” سمجھے گا اور اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا۔
جاپان کی وزیرِاعظم سناے تاکائیچی نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو اسے جاپان کی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھا جا سکتا ہے۔ اس بیان نے دونوں ملکوں کے درمیان شدید تناؤ پیدا کر دیا ہے۔

جاپان کی وزارتِ خارجہ نے چین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان امن کا خواہاں ہے اور چین کے دعوے “ناقابلِ قبول” ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں