بھارت سے تعلق رکھنے والی معروف ٹیچر اور سماجی کارکن روبل ناگی کو ایک ملین ڈالر مالیت کے عالمی اعزاز’ گلوبل ٹیچر پرائز’ سے نوازا گیا ہے۔ یہ انعام انہیں متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہونے والے عالمی رہنماؤں کے اجتماع ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر دیا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روبل ناگی نے یہ اعزاز جمعرات کو ایک خصوصی تقریب میں وصول کیا۔ اس تقریب میں دنیا بھر کے سیاسی، سماجی اور تعلیمی رہنما شریک تھے۔
روبل ناگی اپنی تنظیم روبل ناگی آرٹ فاونڈیشن کے ذریعے بھارت بھر میں 800 سے زائد تعلیمی مراکز قائم کر چکی ہیں۔ ان مراکز کا مقصد ایسے بچوں کو تعلیم فراہم کرنا ہے جو کبھی اسکول نہیں جا سکے، جبکہ اسکول جانے والے بچوں کی تعلیمی معاونت بھی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کچی آبادیوں کی دیواروں پر تعلیمی میورلز بنا کر خواندگی، سائنس، ریاضی اور تاریخ جیسے مضامین کو آسان انداز میں پیش کیا، تاکہ بچے کھیل ہی کھیل میں سیکھ سکیں۔
یہ عالمی اعزاز وارکی فاونڈیشن کی جانب سے دیا جاتا ہے، جس کے بانی سَنی وارکی ہیں۔ سنی وارکی تعلیمی ادارے جیمز ایجوکیشن کے بھی بانی ہیں، جو مصر، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں درجنوں اسکول چلاتے ہیں۔
سنی وارکی نے اپنے بیان میں کہا کہ روبل ناگی تدریس کی بہترین مثال ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے جرات، تخلیقی صلاحیت اور ہر بچے کی قابلیت پر یقین رکھتے ہوئے پسماندہ طبقات تک تعلیم پہنچائی اور نہ صرف انفرادی زندگیاں بدلیں بلکہ خاندانوں اور کمیونٹیز کو بھی مضبوط کیا۔
روبل ناگی نے اعلان کیا ہے کہ وہ انعامی رقم سے ایک ایسا ادارہ قائم کریں گی جہاں مستحق افراد کو مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم اسٹیفانیا جیانینی نے کہا کہ یہ اعزاز اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گلوبل ٹیچر پرائز کا آغاز 2015 میں کیا گیا تھا اور روبل ناگی یہ اعزاز حاصل کرنے والی دسویں ٹیچر ہیں۔ اس سے قبل یہ انعام کینیا، فلسطین، کینیڈا اور گزشتہ برس سعودی عرب کے استاد منصور المنصور سمیت مختلف ممالک کے اساتذہ کو دیا جا چکا ہے۔