افغانستان کی وزارتِ صنعت و تجارت نے اعلان کیا ہے کہ وزیر صنعت نورالدین عزیزی سرکاری دعوت پر ایک اعلیٰ سطح سرکاری وفد کے ہمراہ نئی دہلی روانہ ہوگئے ہیں۔
وزارت کے مطابق اس دورے کا مقصد چابہار بندرگاہ کی صلاحیتوں کو فعال اور مؤثر انداز میں استعمال کرنا، اس تجارتی راستے پر بھارتی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، اور افغانستان و بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت کو آگے بڑھانا ہے۔
اپنے اس دورے کے دوران افغان وفد پراگتی میدان انٹرنیشنل ایکزیبیشن کا دورہ کرے گا اور بھارتی حکومت کے اعلیٰ حکام، جن میں وزرائے خارجہ اور تجارت شامل ہیں، کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کے نمائندوں سے بھی نشستیں ہوں گی۔
وزارت نے بتایا کہ مذاکرات کا محور اقتصادی تعاون میں توسیع، تجارتی تعلقات کی سہولت کاری، مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا، اور علاقائی ٹرانزٹ راہداریوں میں افغانستان کے کردار کو مضبوط بنانا ہوگا۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، اور توقع ہے کہ اس کے نتائج خطے میں بہتر روابط، تجارت میں اضافہ، اور علاقائی ٹرانزٹ راستوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے