بینائی کو تیز اور صحت مند رکھنے کے لیے ماہرین کے مطابق چند وٹامنز نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ وٹامنز آنکھوں کو کمزوری، خشکی اور عمر کے ساتھ آنے والے نقصانات سے محفوظ رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق وٹامن اے آنکھوں کے پردے میں ایک خاص مادہ پیدا کرتا ہے جو کم روشنی میں دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی رات کے اندھے پن اور خشک آنکھوں جیسی علامات پیدا کر سکتی ہے۔ اس کے اہم غذائی ذرائع میں گاجر، شکر قندی، پالک، انڈے کی زردی اور جگر شامل ہیں۔
اسی طرح وٹامن سی آنکھوں کے خلیوں کو نقصان سے بچاتا ہے اور موتیا بننے کے عمل کو سست کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق روزمرہ خوراک میں مالٹے، امرود، کیوی، لیموں اور شملہ مرچ شامل کرنے سے وٹامن سی کی مناسب مقدار حاصل کی جا سکتی ہے۔
وٹامن ای عمر کے ساتھ کمزور ہوتی بینائی کو محفوظ رکھنے میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔ یہ آنکھوں کے خلیوں کو نقصان دہ ذرات سے بچاتا ہے اور بڑھتی عمر میں نظر کی کمزوری کے امکانات کم کرتا ہے۔ بادام، اخروٹ، سورج مکھی کے بیج اور زیتون کا تیل اس کے بہترین ذرائع ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامن بی گروپ (بی6، بی9 اور بی12) بینائی سے متعلق اعصاب کی صحت برقرار رکھتے ہیں۔ یہ خون میں موجود نقصان دہ اجزا کی سطح کم کر کے آنکھوں کی نالیوں کو محفوظ رکھتے ہیں۔ مچھلی، انڈے، دودھ، دالیں اور ہری سبزیاں وٹامن بی گروپ کے اہم ذرائع ہیں۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ ان وٹامنز کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنانے سے بینائی طویل عرصے تک صحت مند اور مضبوط رہ سکتی ہے۔