منگل کے روز واناتو میں 7.3 شدت کا زلزلہ آیا جس سے پورے شہر میں شدید نقصان ہوا۔ زلزلے کا مرکز پورٹ ویلا کے مغرب میں 30 کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی 57 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔ اس زلزلے کے فوراً بعد ایک آفٹرشاک بھی آیا جس کی شدت 5.5 تھی۔
ایک فرد جاں بحق ، متعدد زخمی
زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں گر گئیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق کم از کم ایک شخص کی موت کی تصدیق ہوئی ہے، لیکن چونکہ مواصلات کا نظام متاثر ہو گیا ہے، اس لیے ہلاکتوں کی درست تعداد ابھی تک سامنے نہیں آئی۔ لوگوں کے ملبے تلے دب جانے کا خوف بھی ہے اور ساتھ ہی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
سب سے زیادہ نقصان پورٹ ویلا میں واقع ایک اہم عمارت کو پہنچا جس میں امریکہ، نیوزی لینڈ، فرانس اور برطانیہ کے سفارتخانے موجود ہیں۔ عمارت کی ایک منزل جزوی طور پر منہدم ہو گئی، اور امریکی سفارتخانے کے قریب ملبہ پڑا تھا، جبکہ کئی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئی تھیں۔
امریکی سفارتخانے نے تصدیق کی کہ عمارت کو کافی نقصان پہنچا ہے اور اس وجہ سے سفارتخانہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے وزارت خارجہ نے بھی یہ تصدیق کی کہ، اس عمارت میں ان کا ہائی کمیشن اور فرانس و برطانیہ کے سفارتخانے بھی واقع ہیں، جنہیں بھی بڑی تباہی کا سامنا ہوا۔
زلزلہ کے بعد پورٹ ویلا کے ہسپتال کے باہر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا جنہیں علاج کی ضرورت تھی۔ امدادی ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتال پہنچا رہی ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہیں، تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا سکے۔