واشنگٹن اور وینکوور میں بیلٹ باکسز میں آتشزدگی، سینکڑوں ووٹ خاکستر

امریکا میں 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل واشنگٹن اور وینکوور میں نصب تین بیلٹ باکسز میں نامعلوم افراد کی جانب سے آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا، جس سے سینکڑوں ووٹ خاکستر ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ان شہروں میں دو بیلٹ ڈراپ باکسز کو آتش گیر مواد سے آگ لگائی گئی، جبکہ ان باکسز کے اندر موجود خودکار آگ بجھانے کا نظام وقت پر فعال نہ ہونے کی وجہ سے کئی ووٹ تباہ ہوگئے۔

مزید برآں، رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس سے قبل ایک بیلٹ باکس میں آگ لگانے کے واقعے کی تکرار ہے، جس میں باکس کے اندر موجود آگ بجھانے والے سسٹم نے بروقت کام کرتے ہوئے بیشتر ووٹ محفوظ رکھے تھے۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران حکام نے بتایا کہ دونوں واقعات میں استعمال کیے گئے آتش گیر مادے سے یہ امکان ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعات باہم جڑے ہوئے ہوسکتے ہیں، تاہم تفصیلات کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

امریکی حکام نے ان واقعات کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا اور بیلٹ باکسز سے ووٹ جمع کرنے کے عمل کو تیز تر کرنے کا اعلان کیا، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ بیلٹ باکسز سے ووٹوں کا جمع کرنے کا عمل اب کثرت سے انجام دیا جائے گا۔

حکام نے ان شہریوں کو، جنہوں نے ہفتے کی صبح 11 بجے کے بعد ووٹ ڈالا، متبادل بیلٹ حاصل کرنے کے لیے اپنے متعلقہ دفاتر سے فوری رابطہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

واشنگٹن کے سیکرٹری آف اسٹیٹ، اسٹیو ہوبس نے کہا کہ کسی بھی قسم کی دھمکی یا ووٹنگ کے عمل کو متاثر کرنے والی تشدد کی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں