ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں 10 سے 12 نومبر 2026 کے دوران بین الاقوامی تعلیمی نمائش “تعلیم ایکسپو ” منعقد کی جائے گی، جس میں دنیا بھر سے تعلیمی ادارے، ماہرین، ٹیکنالوجی کمپنیاں، سرکاری و نجی شعبے کے نمائندے اور بین الاقوامی تنظیمیں شرکت کریں گی۔
ازبک سفارتخانے کے مطابق یہ نمائش “نئے ازبکستان” منصوبے کے تحت تعلیمی شعبے میں جاری اصلاحات کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا اور تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد بنانا ہے۔
ازبک صدر شوکت مرزائیوف نے تعلیم کو ملک کی ترقی کا ستون قرار دیتے ہوئے 2026 کو “پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا سال” قرار دیا ہے۔
نمائش میں ابتدائی تعلیم سے لے کر پیشہ ورانہ مہارتوں جیسے اہم موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتیں، اور سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوگی۔
اس بین الاقوامی نمائش کا مقصد تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور پائیدار ترقی و عالمی مسابقت کے اہداف کے مطابق تعلیمی حل تلاش کرنا ہے۔